سیرت النبی ﷺ کا ہر پہلو ہمارے لئے مشعل راہ ہے،سیرت النبی کانفرنس

142

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی زون وسطی کے تحت لاکھا مسجد کھوکھر محلہ میں ’’سیرت النبی ﷺ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ معروف مذہبی اسکالر مولانا ثناء اللہ رحمانی، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، ناظم زون وسطی اصغر علی خان یوسف زئی نے خطاب کیا جبکہ معروف نعت خواں الحاج رانا محمد اسماعیل خاں نے ہدیہ نعت پیش کیا، معروف مذہبی اسکالر مولانا ثناء اللہ رحمانی نے سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پر اپنی زندگی بسر کرنا ہی کامیابی ہے۔حضرت محمد ﷺ نے اپنی تمام زندگی سادہ بسر کی ہے۔ہمیں اپنے پیغمبر کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہو گا،سیرت نبی ؐکا ہر پہلو ہمارے لیے مشعل راہ ہے جس پر گامزن ہو کر ہم دنیا اور آخرت کے دشوار راستوں سے سرخرو ہوکر گزر سکتے ہیں۔ حیات طیبہ ؐمیں دراصل ہمارے لیے سبق ہے۔انہوں نے کہا کہ سید مودودی ؒ نے دین کوملک پرنافذ کرنے کے لیے جماعت اسلامی بنائی، جماعت اسلامی اس ملک میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نظام کے نفاذ کے لیے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان دین کے حوالے سے ہمیں مکمل تعلیمات ہونی چاہیے،اپنی اولاد کو بھی دین سے آراستہ کریں، انہوں نے مزید کہا کہ غزہ و فلسطین میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے ،اسرائیل نے انسانیت سوز مظالم کی تمام تر حد پار کر چکا ہے، نہتے شہریوں، عورتوں و بچوں، اسپتالوں،مساجد پر آگ برسا رہا ہے،مسلم ممالک کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو زندگی ہم نے بسر کی ہے اس کی ہم اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اور باقی زندگی اپنے پیغمبر کے بتائے ہوئے راستے پر بسر کریں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول کریم ؐ کی سیرتِ طیبہ مسلمانوں کے لیے رہتی دنیا تک کامیابی کا زینہ اور مشعل راہ ہے۔ امت مسلمہ سیرتِ طیبہ سے سبق حاصل کرکے دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک میں رسول کریمؐ کے نافذ کردہ نظام کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ہم بحیثیت قوم سنت رسول ؐ پر عمل پیرا ہوکر تمام مسائل سے نجات پا سکتے ہیں۔