۔26ویں آئینی ترامیم اداروں کیخلاف محاذ آرائی کا سبب بنیں گی‘ اسد قیصر

71

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم اداروں کے خلاف محاذ آرائی کا سبب بنے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ رات کے اندھیرے میں26 ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی طریقے سے منظور کیا گیا، اس ترمیم کو اتنی جلد بازی میں پاس کرانے کی کیا ضرورت تھی، سب جانتے ہیں کہ کس طرح ووٹ کو غیر آئینی طور پر خریدا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم غیر اخلاقی اور اداروں کے درمیان مزید محاذ آرائی کا سبب بنے گی‘ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹ کی بے حرمتی کی، ممبران پیسوں کے عوض بِک گئے، پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی، چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی، ترمیم کو سینیٹ سے بھی غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر پاس کیا گیا۔اسد قیصرکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا فیڈریشن کی اکائی ہے جس کے سینیٹرز کی نمائندگی نہیں تھی‘ اس بل کو ایک نامکمل سینیٹ سے پاس کرایا گیا، بلاول سے سوال ہے کہ کیا یہ پیپلز پارٹی کی جمہوریت ہے؟ ممبران کو خرید کر ڈرا دھمکا کر ان کی بہن بیٹیوں کو اٹھا کر جمہوریت کو پامال کر کے 26 ویں آئینی ترمیم پاس کرائی گئی۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے جتنے سینیٹرز اور ایم این ایز نے اپنے ضمیر کا سودا کیا اور بک گئے وہ سارے غدار ہیں، بکنے والوں نے پارٹی کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی اور قوم سے بھی غداری کی ہے، ان غداروں سے قوم خود حساب لے گی، پارٹی کو ان غداروں کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئے اور ان کی پارٹی رکنیت فوراً معطل کر دینی چاہیے۔