اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان بزنس ٹو بزنس کی سطح پر دو طرفہ تعاون کے تجارتی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔ اس حوالے سے انڈونیشیا اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے حال ہی میں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیاکا انعقاد ہوا‘ اس تقریب میں انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان بزنس ٹو بزنس کی سطح پر دو طرفہ تعاون کے تجارتی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن کی مالیت 10.70 ملین ڈالر ہے۔معاہدوں میں کھوپرا، گم، کوپل، کوکو، خشک ناریل، ادرک اور مصالحہ جات وغیرہ کے ساتھ ساتھ تجارتی تعاون کے دیگر شعبوں کا بھی احاطہ کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ اشیائے صرف اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں بھی معاہدے طے پائے ، تمام معاہدے مختلف اسٹیک ہولڈرز، بشمول نجی کمپنیوں، مختلف کاروباری اداروں، اور سرکاری اداروں کی جانب سے مشترکہ کاوشوں کی عکاسی کرتے ہیں۔یہ معاہدے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دو طرفہ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔انڈونیشیا کے قائم مقام قونصل جنرل تیگو ویویکو نے پاکستانی تجارتی وفد کی شرکت کو سراہا ۔پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل کے چیئرمین عابد نثار نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی جڑیں تاریخ اور ثقافت سے جڑی ہوئی ہیں، مفاہمت کی یادداشتیں دونوں ملکوں کے لیے باہمی اقتصادی فوائد اور خوشحالی کا باعث بنیں گی۔