حیدرآباد ،ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کرنے کی ہدایت

73

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر بلال احمد میمن نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور بالخصوص ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی فار ڈولپمنٹ کے اجلاس منعقد کریں اور اے ڈی پی اسکیموں کے کام میں تیزی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ ہدایات انہوں نے چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کے حالیہ دورۂ حیدرآباد کے بعد ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اپنے دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، پراونشل ہائی وے، بلڈنگ کنٹرول، پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ و دیگر محکموں کے افسران موجود تھے، جبکہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنر بلال احمد میمن نے کہا کہ چیف سیکرٹری سندھ کی سخت ہدایات ہیں کہ اے ڈی پی اسکیمیں جلد مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے استعمال، اسکیموں کی تکمیل میں رُکاوٹیں و دیگر انڈیکیٹرز کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کے لیے واضح طور پر احکامات جاری کیے گئے تھے لیکن اس ضمن میں جمع کی گئی رپورٹس کافی نہیں۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تمام اسکیموں کی مانیٹرنگ، انسپیکشن کر کے ہر ماہ رپورٹس جمع کرائی جائیں۔ کمشنر نے کہا کہ جاری ترقیاتی اسکیموں میں کام اور میٹریل کے معیار کو چیک کیا جائے اور اسکیموں کے تخمینے اور خرچ کی گئی رقم کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل کی جائیں۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر دادو کو ہدایت کی کہ کیڈٹ کالج ککڑ کی اسکیم کو اسپیشل اسائنمنٹ کے طور لیں اور جلد کام مکمل کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج بدین کے تیاری کے سلسلے میں بھی تیزی لائی جائے اور اراضی کے حصول کے ساتھ ساتھ دیگر ٹینڈرز بھی جاری کیے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آٹو بھان روڈ کی مکمل بحالی سمیت دیگر اسکیموں کے حوالے سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور بہت جلد رپورٹ بھی کمشنر آفس کو جمع کرائی جائے گی۔