عدالتی اصلاحات سے زیر التوا مقدمات کا تیز رفتار حل یقینی ہو گیا، مخدوم علی ولہاری

59

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) سابق ضلعی چیئرمین مخدوم میو ں علی محمد ولہاری اور ضلعی کو نسل کے ممبر مخدوم معروف ولہاری نے اپنے ہائوس پر میڈ یا سے گفتگو کر تے ہوئے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے، آئینی ترامیم کی منظوری کے بعد عدالتی اصلاحات سے زیر التوا مقدمات کا تیز رفتار حل یقینی ہو گیا، ترمیم کی منظوری کے لیے تمام جماعتوں نے اہم کردار ادا کیا، ثابت ہوگیا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے، 26ویں آئینی ترامیم کے لیے انتھک محنت کرنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اب بھی وقت ہے کہ پی ٹی آئی تقسیم کی سیاست ایک طرف رکھ کر قوم کی فلاح کے لیے آئینی ترامیم کی حمایت کا اعلان کرے، 26 ویں آئینی ترامیم کا مقصد قوم کو متحد اور وفاق کو مضبوط کرنا ہے، تمام سیاسی قوتوں کو اس کے پیچھے متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں صوبائی نمائندگی کو یقینی بنانے اور وفاق کو مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا تھا، میثاق جمہوریت کے تحت آئینی ترامیم صوبائی نمائندگی کو یقینی بنانا اورجمہوری اداروں کو بااختیار بنانے کی جانب اہم اور مثبت قدم ہے، عدلیہ اور مقننہ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے آئینی عدالت کا تصور سب سے پہلے قائد اعظم محمد علی جناح نے دیا تھا، آئین کو بلاول بھٹو زرداری کے نانا شہید بھٹو نے بنایا تھا، نواسے بلاول نے اس کی تکمیل کی۔