پریس کلب کی ترقی کا سفر جاری ہے، آصف ظہیر خان

61

سکھر (نمائندہ جسارت) پریس کلب کے عہدیداران و ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر رسمی اجلاس پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودھی کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب صدر شہزاد تابانی، ایس یو جے کے صدر امداد بوزدار، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی پریس کلب نصراللہ وسیر، زمان باجوہ، جلال الدین بھیو، ریاض راجپوت، صلاح الدین قریشی، فرقان کھوسو،حسیب شیخ، سجاد علی شاہ کے علاوہ ممبران مسعود زیدی، اسحاق کھوسو، قاضی ضیاء الرحمن، نصیر زیدی، ایاز مغل، خالد امجد، اظہر دایو و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پریس کلب کی تعمیر و ترقی تزئین و آرائش کے مجوزہ منصوبوں، ممبران صحافیوں کی فلاح و بہبود کو مزید موثر بنایا جانے، سہولیات کی فراہمی، مالی استحکام سمیت مختلف اُمور کی بابت شرکاء کی تجاویز، مشوروں سمیت مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلے کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودھی نے کہا کہ جرنلسٹس پینل کے سربراہ، قائد لالا اسد پٹھان کے وژن کے مطابق پریس کلب کی ترقی کا سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کا شمار ملک کے اہم ترین پریس کلبز میں ہوتا ہے جو ہوم آف نیشنل میڈیا اور مظلوم طبقات کی موثر و توانا آواز ہے، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے سیاسی، سماجی، شہری سمیت تمام حلقوں کی خبروں کی نمایاں کوریج کے ذریعے اپنے فرائض ادا کر رہا ہے۔