ٹھٹھہ: ڈاکٹر کی جانب سے ہراساں کرنے پر خاتون کا بیان قلمبند

56

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) مکلی کے نجی اسپتال کے ڈاکٹر کی جانب سے دڑو کی رہائشی خاتون ساجدہ منگھار کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا معاملہ، خاتون کے ورثاء اور سماجی کارکنوں نے ایس ایس پی ٹھٹھہ سے ملاقات کی۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے خاتون کا بیان قلمبند کرتے ہوئے وومن پروٹیکشن سیل کی انچارج کو کارروائی کی ہدایت کردی۔ دوسری جانب ڈاکٹر رمیش کمار سونی کے بیرون ملک فرار ہونے کی اطلاعات ہیں، متاثرہ خاتون ساجدہ منگھار نے اپنے بھائی کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرکے ڈاکٹر کی فوری گرفتاری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 روز پہلے ڈاکٹر رمیش سونی جلد کی بیماری کے لیے نجی اسپتال گئے، جہاں ڈاکٹر نے ایک الگ کمرے میں الٹرا ساؤنڈ کرنے کو کہا، ڈاکٹر نے مبینہ طور پر مجھے اپنے کپڑے اُتارنے کے لیے کہا اور مجھے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے پولیس سمیت متعلقہ حکام اور اداروں سے تحقیقات کر کے انصاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔