کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں ڈینگی اور دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے ایک بھرپور فیومیگیشن مہم شروع کی جائے گی۔اجلاس میں کمشنر کراچی، سیکریٹری بلدیات، تمام ڈپٹی کمشنرز، میونسپل کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ فیومیگیشن مہم کراچی کی 25 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز میں چلائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق شہر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے کے لیے اسپرے اور فیومیگیشن مہم شروع کی جائے گی۔ اس مہم کے تحت صدر، لیاری، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، جناح، صفورا، چنیسر اور مومن آباد ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں کارروائیاں کی جائیں گی۔ اسی طرح، ٹی ایم سی منگھو پیر، اورنگی، شاہ فیصل، کورنگی، ماڈل کالونی، لانڈھی، بلدیا اور ماریپور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں بھی فیومیگیشن مہم چلائی جائے گی۔ مزید برآں، ٹی ایم سی مورڑو محربر، گلبرگ، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، ناظم آباد، گڈاپ، ملیر اور ابراہیم حیدری میں بھی فیومیگیشن مہم چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے اس مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اس کے نتیجے میں شہر میں ڈینگی اور دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے گا۔