صدر مملکت نے 26 ویں آئینی ترامیم پر دستخط کر دیے‘ گزٹ نوٹی فکیشن جاری

134

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 26 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کر دیے، صدر مملکت کی منظوری کے بعد 26ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 26ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کیا گیا جس کے بعد 26ویں آئینی ترمیم بل 2024 ایکٹ آف پارلیمنٹ بن گیا۔ گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد 26ویں آئینی ترمیم لاگو ہوگئی۔ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد سب سے پہلے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو نئے چیف جسٹس آف پاکستان کا تقرر کرے گی۔ آرٹیکل 175اے کی شق 3 کے تحت نئے چیف جسٹس کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان آرٹیکل 175اے کی ذیلی شق 3کے تحت تین سینئر ججز کے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائیں گے اور پارلیمانی کمیٹی 3 ججز میں سے ایک جج کا تقرر کرے گی۔ خصوصی پارلیمانی کمیٹی چیف جسٹس آف پاکستان کا تقرر کر کے نام وزیر اعظم کو ارسال کرے گی اور وزیراعظم چیف جسٹس کے تقرر کی ایڈوائس صدر کو بھجوائیں گے۔ آرٹیکل 175اے کی ذیلی شق 3 اے کے تحت قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی 12 ممبران پر مشتمل ہوگی۔ خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں 8 اراکین قومی اسمبلی اور 4 سینیٹ سے لیے جائیں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان آرٹیکل 175اے کی ذیلی شق 3سی کے تحت ریٹائرمنٹ سے 3 روز قبل 3 سینئر ججز پر مشتمل پینل پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ اور قومی اسمبلی سے 26ویں آئینی ترمیم کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی۔