بلاول کا ترجمان بننے کے بعد میئر کی توجہ کراچی سے ہٹ گئی

73

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری کا ترجمان مقرر کیے جانے کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی توجہ کراچی کے مسائل پر کم ہوگئی ہے، 17 ستمبر کے بعد سے میئر کراچی زیادہ وقت کراچی کے بجائے اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے ساتھ گزار رہے ہیں، میئر کراچی کا بلاول زرداری کا ترجمان بننے اور ان کی عدم موجودگی کے باعث 30 ستمبر 2024ء کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اجلاس عام بھی پہلی بار ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادکی زیر صدارت منعقد ہوا تھا جبکہ میئر کراچی کے نہ ہونے کی وجہ سے ڈپٹی میئر نے شہر کے مسائل کی نشاندہی صرف اپنی پریس ریلیز جاری کرنے تک محدود کی ہوئی ہے۔ بلدیہ عظمی کراچی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کی اسلام آباد میں مصروفیات بڑھ گئی ہیں، میئر کراچی کی عدم موجودگی کی وجہ سے فائلیں بروقت دستخط نہ ہونے کی وجہ سے ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر ہونے کا خد شہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی میئر کو میئر کی جگہ دستخط کرنے کا اختیار بھی نہیں ہے۔ اس حوالے سے کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17 برس سے صوبے پر حکومت کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کو اون کرنے کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن شہر کو کچھ دینے کیلیے تیار دکھائی نہیں دیتی ہے۔ ان کی کراچی سے دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگا یا جاسکتا ہے کہ کراچی مسائل کا گڑھ بنا ہوا ہے لیکن میئر کراچی کی زیادہ توجہ اپنے چیئرمین سے وفاداری نبھانے پر لگی ہوئی ہے انہیں کراچی کے شہریوں کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار میئر و ڈپٹی میئر کراچی کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہونے کے باوجود شہریوں کے مسائل میں کمی آنے کے بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ شہر کی ترقی اور عوام کی دادرسی کیلیے دعوے اور وعدے تو بہت کرتے ہیں لیکن ایک سال کے دوران میئر اور ڈپٹی میئر کی کراچی کی تعمیر و ترقی کیلیے کوئی کارکردگی نظر نہیں آتی ہے۔ شہری کہتے ہیں کہ کراچی سب کا ہے مگر اس شہر کا کوئی نہیں بن پاتا۔ میئر کراچی سمیت کراچی کو اپنا شہر کہنے والے بھی اس کی تباہی کو روک نہیں پا رہے ہیں۔ شہر میںبجلی ہے نہ پانی، جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر شہریوں کو منہ چڑاتے ہیں۔ نکاسی آب کا کوئی نظام موجود نہیں ہے، کراچی کی پہچان ٹوٹی سڑکیں اور بڑے بڑے گڑھے ہیں جو کراچی کے شہریوں کیلیے وبال جان بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 17 ستمبر 2024ء کو میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے اس سے قبل بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون سندھ، مشیر اطلاعات سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں تاہم 34 روز سے میئر کراچی اپنا زیادہ وقت اسلام آبا د میں گزار رہے ہیں۔