پارلیمانی کمیٹی برائے چیف جسٹس تقرر کیلیے تمام 12 نام اسپیکر قومی اسمبلی کوموصول

80

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا عمل شروع ہو گیا ہے اور خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے لیے تمام 12 ارکان کے نام اسپیکر آفس کوموصول ہوگئے ہیں۔ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے لیے سینیٹ سے 4 نامزد ممبران کے نام اسپیکر آفس کوموصول ہوگئے ہیں، جمعیت علمائے اسلام ( ف ) نے کامران مرتضیٰ جبکہ پیپلز پارٹی نے فاروق ایچ نائیک کو نامزد کیا ہے، مسلم لیگ ن نے اعظم نذیر تارڑ جبکہ پی ٹی آئی نے بیرسٹر علی ظفر کو نامزد کیا ہے۔ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے لیے قومی اسمبلی کے 8اراکین میں مسلم لیگ ن نے خواجہ آصف، احسن اقبال اور شائستہ پرویز کو نامزد کیا ہے۔ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے لیے پیپلز پارٹی نے راجا پرویز اشرف اور نوید قمر جبکہ تحریک انصاف نے بیرسٹر گوہر اور صاحبزادہ حامد رضا کو نامزد کیا ہے اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب خواجہ اظہار الحسن کا نام دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی ججز کے پینل میں سے چیف جسٹس پاکستان کا انتخاب عمل میں لائے گی۔ موجودہ چیف جسٹس ریٹائرمنٹ سے 3روز قبل 3سینیئر ججز کا پینل اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کریں گے اور اسپیکر قومی اسمبلی چیف جسٹس کی تقرری کے لیے ججز کا پینل کمیٹی کو ارسال کریں گے۔