پانچ لاکھ میٹرک ٹن چینی باہربھیجنے کاطریقہ کارطے کرلیاگیا

41

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) حکومت نے پانچ لاکھ میٹرک ٹن چینی ملک سے باہر بھیجنے کے لیے طریقہ کار طے کر لیا۔حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کے لیے طریقہ کار طے کر لیا ہے‘ کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے چینی برآمد کے طریقہ کار کی منظوری بھی لی گئی. چینی کی برآمد کے لیے کوٹہ صوبوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں میں کوٹہ چینی کی اس سال کی اصل پیدوار کی بنیاد پر تقسیم ہوگا، پنجاب کے لیے چینی کی برآمد کا سب سے زیادہ 64 فی صد کوٹہ مختص کیا جائے گا‘ سندھ 30 اور خیبر پختونخوا کے لیے شوگر ایکسپورٹ کا 6 فی صد کوٹہ مختص ہوگا۔شوگر ایکسپورٹ کوٹہ صوبوں کے کین کمشنرز کے ذریعے تقسیم ہوگا، چینی برآمد کرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے 7 روز کے اندر کوٹہ مختص کیا جائے گا، اور مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کے لیے کسی بھی وقت چینی برآمد روکی جا سکے گی۔