پی ڈی ایم اتحاد نے کالے ناگ نہیں عدلیہ کے دانت نکال دیئے،حافظ نعیم الرحمن

182

لاہور (مانیٹر نگ ڈ یسک ) سینیٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا ردعمل سامنے آگیا۔امیر جماعت اسلامی پا کستان حافظ نعیم الرحمن نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سینیٹ میں پی ڈی ایم جماعتوں کے اتحاد نے کالے ناگ کے نہیں عدلیہ کے دانت نکال دیے ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کوسینیٹ میں ہونے والے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم 2تہائی اکثریت سے منظوری کی گئی تھی۔ ترمیم کے حق میں 65 ارکان نے ووٹ دیا جس میں حکومتی اتحاد کے 58، جمعیت علمائے اسلام کے 5 اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے 2سینیٹرز شامل تھے۔قبل ازیں سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے ہم نے کالے سانپ کے دانت توڑ دیے ہیں، صرف سینیارٹی ہی نہیں فٹنس بھی بڑی چیز ہوتی ہے۔اس سے قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ا یک اور بیان میںکہا ہے کہ آئینی ترامیم کے بعد چیف جسٹس کا تقرر سنیارٹی پر نہیں ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گویا سب کا اس پراتفاق ہو گیا ہے کہ اب منصور علی شاہ چیف جسٹس نہیں بن رہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول زرداری کہتے ہیں ترمیم پر پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمن کا 100 فیصد اتفاق ہے، بیرسٹرگوہرکہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کا فضل الرحمن سے اتفاق رائے ہوگیا ہے جبکہ رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ مولانا نے حکومت کے مسودے سے اتفاق کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گویا سب کا اتفاق ہو گیا ہے کہ اگلے چیف جسٹس منصور علی شاہ نہیں ہوں گے، آئینی ترامیم کے بعد چیف جسٹس کا تقرر سنیارٹی پرنہیں ہوگا، عدلیہ پر حکومت کا کنٹرول ہوگا۔