ایران ،روس اور عمان کی مشترکہ بحری مشقیں ،پاکستان بھی شریک

137

تہران (صباح نیوز) ایران نے بحر ہند میں روس اور سلطنت عمان کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز کر دیا۔ گزشتہ روز شروع ہونے والی آئی میکس 2024ء مشقوں میں پاکستان، سعودی عرب اور بھارت سمیت 9 ممالک بطور مبصر بھی شریک ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد علاقے میں اجتماعی سیکورٹی کو فروغ دینا، کثیر جہتی تعاون کو بڑھانا، امن، دوستی اور سمندری سیکورٹی کی حفاظت کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنا ہے۔ ایران کی سرکاری ٹی وی رپورٹ کے مطابق شرکا نے بین الاقوامی سمندری تجارت کی سیکورٹی کو یقینی بنانے، سمندری راستوں کی حفاظت، انسانی امدادی اقدامات کو بہتر بنانے اور بچائو، امداد کی کارروائیوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرنے کے لیے حکمت عملی کی مشق کی۔موجودہ مشقوں کے مشاہدے میں سعودی عرب، قطر، بھارت، پاکستان، بنگلا دیش اور تھائی لینڈ بطور مبصر شامل ہیں۔ یہ مشقیں اس وقت منعقد ہو رہی ہیں جب خطے میں اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ کشیدگی بھی بڑھ چکی ہے‘ اس صورتحال کے جواب میں ایران نے روس اور چین کے ساتھ اپنی عسکری تعاون میں اضافہ کر دیا ہے۔ مارچ میں ایران، چین اور روس نے عمان کی خلیج میں اپنی پانچویں مشترکہ سمندری مشقیں منعقد کی تھیں۔