پنجاب میں 3 صوبائی اتھارٹیز کے قیام کی منظوری

39

لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اتوار کے روز یہاں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں ڈیولپمنٹ، واٹر اینڈ سینی ٹیشن اور ہارٹی کلچر کے لیے صوبائی اتھارٹیز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں صوبائی وزرا بلال یاسین،ذیشان رفیق،چیف سیکرٹری پنجاب،پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی،متعلقہ انتظامی سیکرٹریز سمیت دیگر حکام جبکہ سیکرٹری ہا ئوسنگ اور بلدیات نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے تین صوبائی اتھارٹیز بنانے کی اصولی منظوری دی جس میں صوبائی اتھارٹیز کیلئے گورننگ بورڈ اور ڈائریکٹر جنرلز بنانے ،مقامی سطح پر مینجمنٹ بورڈ اور منیجنگ ڈائریکٹرز بنانے کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ سٹریٹ لائٹس کوسولر انرجی پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی،پنجاب واٹراینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی اور پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی قائم کی جائے گی جبکہ صوبائی اتھارٹیز کے قیام کے لیے باقاعدہ قانون سازی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اتھارٹیز مرکزی سطح پر پالیسی اور پلان تشکیل دیں گی جبکہ مقامی سطح پر ڈویلپمنٹ،واٹر اینڈ سینی ٹیشن اور ہارٹی کلچر ایجنسی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔