اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد حسین چودھری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے تجویز کردہ آئینی مسودے کی حمایت کردی اور کہا کہ اگر چیف جسٹس کے تقرر کیلیے 12 رکنی کمیٹی میں دوتہائی اکثریت چاہیے جو اپوزیشن کے بغیر ممکن نہیں تو اس طرح اگلے چیف جسٹس، جسٹس منصور علی شاہ ہی ہوں گے، سوشل میڈیا پر پوسٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے مسودے میں ہائیکورٹ ججز کے تقرر اور کارکردگی کا نظام وضع ہے۔ مولانا فضلا الرحمان کے تجویز کردہ مسودے میں جو آئینی بینچ کا تصور ہے وہ برا نہیں ہے۔ اگر رولز بناکر بینچز میں تقرر کے اصول طے ہوجائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے لکھا کہ چیف جسٹس کا تقرر اب سنیارٹی کے اصول پر نہیں ہوگا لیکن 12 رکنی کمیٹی میں دو تہائی اکثریت چاہیے جو اپوزیشن کے بغیر نہیں مل سکتی لہٰذا چیف جسٹس منصور علی شاہ ہی ہوں گے، اس لیے اس معاملے کو اتنی طول دینے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔