نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف ججوں کی عمر بڑھا رہی ہے اور ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر کم کر رہی ہے یہ دور معیارات ذاتی مفادات کے لیے ہیں پنشن ختم کرنا لیوانکیشمنٹ ختم کرنا سرکاری ملازمین کی دیگر مراعات کو ختم کرنا اور درجہ چہارم کے ملازمین پر ترقی کے راستے بند کرنا ٹھیکیداری نظام کو رواج دینا یہ سر ظلم اور ناانصافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار شمس الرحمن سواتی نے حافظ آباد میں ایپکفا کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں میں سارے کام ٹھیکے پر دے دیے گئے ہیں وہاں کی ٹریڈ یونین کو بھی ختم کیا جا رہا ہے اور مستقل ملازمتوں کو بھی ختم کیا جا رہا ہے ٹھیکیداری نظام کے ذریعے مزدوروں کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ملازمین اور مزدوروں کے پاس جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن سرکاری ملازمین کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے لہٰذا تمام لوگ متحد ہو کر ظلم کے اس نظام کے خلاف جدوجہد کریں اور مزدوروں اور ملازمین کے معاشی قتل کے منصوبے کو ناکام بنائیں۔