پاکستان میں ایشیا میں سب سے زیادہ کینسر کی شرح ہے‘ثمینہ علوی

103

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی سابق خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کو چھاتی کے کینسر کی ابتدائی علامات کا پتا لگانے کے لیے اپنے سینے کا خود معائنہ کرنے کے لیے محلے کی سطح پر بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کی جانی چاہیے تاکہ کینسر کی بیماریوں سے بچا جا سکے۔ پاکستان میں ایشیا میں سب سے زیادہ کینسر کی شرح ہے۔ یہ بات پاکستان کی سابق خاتون اول نے بریسٹ کینسر سے بچا اور تندرستی کے موضوع پر سیمینار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ نے ہر سال 19 اکتوبر کو چھاتی کے کینسر کے خلاف منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر اس سیمینار کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر شوکت خانم کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کی ڈاکٹر بشری ماہم، پروفیسر ڈاکٹر زوبالہ یاسر لطفی روتھ ضیا‘ سروائیور عافیہ سلام ‘رقیہ نعیم، راحیلہ فردوس اور یوگی وجاہت نے بھی خطاب کیا۔ثمینہ علوی نے کہاکہ چھاتی کے کینسر کو معاشرے کے کسی بھی طبقے کے لیے ممنوع نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ اسے ایک سنگین طبی مسئلہ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے جس کا جلد پتہ لگانا پاکستانی خواتین کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔