چیف جسٹس نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر دوسری وضاحت جاری ہونے کا جواب مانگ لیا

177

اسلام آباد:چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان نے مخصوص نشستوں  سے متعلق کیس کے فیصلے پر دوسری وضاحت جاری ہونے کا جواب مانگ لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عدالت عظمیٰ کے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں 8 ججز کے فیصلے کی دوسری وضاحت جاری ہونے پر جواب طلب کرلیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی نے سپریم کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار ، مجاہد محمود ، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے وضاحت طلب کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ اوریجنل فائل جمع کیے بغیر وضاحت کیسے جاری ہوئی؟

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں سپریم کورٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی رجسٹرار اور اسسٹنٹ رجسٹرار عملدرآمد کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ جس میں اُن سے پوچھا گیا ہے کہ بغیر اوریجنل فائل جمع کرائے وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر کیسے جاری ہوئی؟۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ویب ماسٹر عاصم جاوید سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل سپریم کورٹ کے 8 ججز نے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے حوالے سے دوسری وضاحت جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پابند کیا تھا کہ وہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے باوجود عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔