ڈیش کیم نے انشورنس کا جعلی دعوٰی ناکام بنا دیا

278

امریکا میں ایک شخص نے ایک حادثے کے لیے جعلی انشورنس کلیم داخل کیا مگر کامیاب نہ ہوسکا۔ اس کا بنیادی سبب یہ تھا کہ جس کار کی ٹکر سے نقصان پہنچنے کا دعوٰی کیا تھا اس کے ڈیش بورڈ پر کیمرا نصب تھا۔ اس کیمرے نے حادثے کی فوٹیج بنالی۔

انشورنس کلیم میں ادائیگی اس وقت کی جاتی ہے جب یہ ثابت ہو جائے کہ کسی کار نے پیچھے سے ٹکر ماری ہے۔ اگر کسی گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہو تو یہ سمجھا جاتا ہے کہ وہ گاڑی کہیں جاکر ٹکرائی ہوگی۔

خاتون نے دعوٰی کیا تھا کہ وہ نیو یارک کے علاقے کوئنز میں ڈرائیونگ کر رہی تھی کہ ایک گاڑی کے بریک بظاہر فیل ہوگئے اور وہ پیچھے سے آ ٹکرائی۔ جب انشورنس کمپنی نے تفتیش کی تو معاملہ کچھ اور نکلا ۔ ہوا یہ کہ اس خاتون نے اپنی گاڑی میں ریورس گیئر لگاکر ایک کار کو ٹکر ماری اور پچھلے حصے کو پہنچنے والے نقصان کی بنیاد پر انشورنس کلیم داخل کیا۔ اُس خاتون کا یہ معلوم نہ تھا کہ اپنی گاڑی کو پیچھے لے جاکر وہ جس گاڑی کو ٹکر مار رہی ہے اُس کے ڈیش بورڈ پر کیمرا نصب ہے جو فوٹیج بھی تیار کر رہا ہے۔

انشورنس کمپنی نے جب متعلقہ گاڑی کے مالک سے رابطہ کیا تو اُس نے فوٹیج پیش کردی جس سے خاتون کا انشورنس کلیم جھوٹا ثابت ہوگیا اور اُسے ہرجانے کا سامنا کرنا پڑا۔