اسپتالوں میں مریضوں کو ایڈجسٹ کرنے سے قاصر ہیں، کراچی چیمبر

145

کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد جاوید بلوانی نے کراچی اور سندھ بھر میں وائرل اور وبائی امراض کی بڑھتی ہوئی تعداد پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے درخواست کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کو یہ ہدایات جاری کریں کہ تمام ہسپتال اپنے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس کی استعداد میں اضافہ کریں۔وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجے گئے خط میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ کے سی سی آئی کی جانب سے حال ہی میں ایک سروے کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ تمام اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ مریضوں کو ایڈجسٹ کرنے سے قاصر ہیں اور انہیں طبی امداد کے لئے درکار بستر کی دستیابی کے لئے کئی گھنٹے انتظار کرنے کے لئے کہا جاتا ہے۔سندھ حکومت بھی محکمہ صحت کو کراچی کے متعدد اسپتالوں کا ایسا ہی سروے کرنے کی ہدایت دے کر اس بات کی تصدیق کر سکتی ہے جس سے صورتحال کی سنگینی کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ سندھ اس وقت وبائی امراض میں اضافے کی وجہ سے سنگین صورتحال سے گزر رہا ہے لہذا اس مسئلے میں کسی قسم کی غفلت قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بن سکتی ہے۔ تمام ہسپتالوں میں موجودہ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے بے پناہ بوجھ پر غور کرنا ضروری ہے۔