چینی جہاز بحر منجمد شمالی میں مشترکہ مشق کے بعد واپس پہنچ گئے

112

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز بحر منجمد شمالی کے اپنے پہلے سفر سے واپس آ گئے ۔ یوکرین پر حملے کے بعد روس پر عائد مغربی پابندیوں کے باعث آرکٹک اوشین یا بحر منجمد شمالی کے آبی راستے کو روس اور چین کے درمیان وسائل کے تبادلے کے لیے بہترین متبادل سمجھا جاتا ہے۔ چینی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ 2سرکاری جہاز بحر منجمد شمالی میں روس کے ساتھ مشترکہ مشق کرنے کے بعد اپنے 35 روزہ سفر سے واپس آ گئے ہیں۔ انہی مخصوص بحری جہازوں کو اکثر مشرقی بحیرہ چین میں بھی دیکھا گیا تھا۔ جہاز گزشتہ ماہ مشرقی چینی صوبے زیجیانگ میں زوشان کی بندرگاہ سے روانہ ہوئے تھے اور بحیرئہ اوخوتسک اور بحیرئہ بیرنگ کے راستے بحر منجمد شمالی پہنچے تھے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ مشترکہ گشتی مشق دونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کی ترقی کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔چین متنازع بحیرہ جنوبی چین کے نقل و حمل کے راستے پر اپنا انحصار کم کرنے کے لیے بحر منجمد شمالی کے آبی راستے کو ترقی دے رہا ہے۔بحیرئہ جنوبی چین میں بیجنگ کا فلپائن کے ساتھ جزائر پر تنازع چلتا رہا ہے۔