سکھروروہڑی کے درمیان نیا پل مثالی ہوگا ،فرخ احمدشاہ

27

سکھر (نمائندہ جسارت) رکنِ صوبائی اسمبلی سندھ سید فرخ احمد شاہ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ پر سکھر و روہڑی کے درمیان نیا پل سکھر کیلئے مثالی ہوگا،سائٹ اور گولیمار صنعتی زون میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو سکھر چیمبر کی تجاویز کی سفارش کروں گا، جبکہ رنگ روڈ کی تعمیر سے شکارپور سے براہِ راست روہڑی ، موٹروے کی جانب سفر ممکن ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے دورے پر ایوان کے صدر محمد خالد کاکیزئی ، سینئر نائب صدر امیت کمار ، نائب صدر محمد اویس رئیس ملک و دیگر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد خالد کاکیزئی و دیگر شرکا کی جانب سے پیش کردہ مسائل و تجاویز پر کیا، ان تجاویز و مسائل میں سکھر و روہڑی کے درمیان مجوزہ نئے پل کی تعمیر ، سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران کو تعاون کیلئے باور کرانے ،شہر کے ماسٹر پلان میں مزید پیشرفت، سکھر کیلئے میگا اسکیم کی منظوری، پارکنگ پلازے، یرقان و برن سینٹرکے اسپتال کا قیام، حادثے کی صورت میں ٹراما سینٹر اور ملبہ ہٹانے والی ہیوی مشینری ، سکھر – حیدرآباد موٹروے میں پیشرفت، موجودہ پارکوں کی دیکھ بھال و بحالی ، سکھر کے صنعتی زونز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ، اسکولوں و کالجوں کی طالبات ، خواتین اساتذہ و عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب اور حفاظتی اقدامات کی آگاہی ، پینے کے صاف پانی کی روزانہ فراہمی ، جائداد کی فروخت کا سرٹیفکیٹ کے حصول میں دشواری پیش آنے ، گھروں کی تعمیر کے فنڈز کی رقم علاقائی بینکوں سے جاری کروانے، پلاننگ کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کرانے ، نیو پنڈ کے کھیل کے میدان کی دیکھ بھال و بحالی سمیت دیگر امور شامل تھے۔ فرخ احمد شاہ نے عملدرآمد کرانے کا بھرپور یقین دلایا اور کہا کہ اس شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کی خدمت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس میں کسی قسم کی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔