پی ایم ڈی سی نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے روک دیے

57

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے پاکستان بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال اول 2024 ء کے داخلوں کو روک دیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کی رجسٹرار کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کرنے والی پانچ جامعات کے وائس چانسلرز سے کہا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے تناظر میں پی ایم ڈی سی کے اعلان کردہ ٹیسٹ کے نتائج کو حتمی شکل نہیں دی جائے گی اور نتیجہ 2024 ء کا آپریشن اس وقت تک معطل رہے گا جب تک سماعت کی اگلی تاریخ اور کوئی ادارہ اس نتیجے کی بنیاد پر داخلے کا عمل شروع نہیں کرے گا۔دریں اثنا شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں باہر کے نصاب سے سوالات لیے جانے کے معاملے پر پی ایم ڈی سی نے چار رکنی کمیٹی بنادی ہے جس کے چیئرمین شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اقبال خان ہوں گے۔آرمی میڈیکل کالج کے پرنسپل میجر جنرل محمد سہیل امین اور پی ایم ڈی سی کی ڈاکٹر سمیرا احسان رکن ہوں گی جب کہ کمیٹی کی جانب سے مزید ایک رکن کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ کمیٹی 5 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔