ملتان: پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر 3سال کے بعد پہلی فتح حاصل کرلی اور مہمان ٹیم انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 152 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
سیریز کے دوسرے میچ کے چوتھے روز ملتان میں مہمان ٹیم انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز کے ساتھ اننگز شروع کی تو صرف ایک رن بننے کے بعد اولی پوپ 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد جو روٹ بھی صرف 18 اور ہیری بروک 16 رنز بنا کر چلتے بنے۔
بعد میں انگلینڈ کے کھلاڑی جیمی اسمتھ 6، بریڈن کارس 27، جیک لیچ صرف ایک اور شعب بشیر بغیر کوئی رن بنائے میدان سے باہر چلے گئے۔ کپتان بین اسٹوکس نے 37 رنز بنائے لیکن وہ ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں پاکستان کیخلاف 144 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی جب کہ دونوں اننگز میں مہمان ٹیم کی تمام وکٹس پاکستانی اسپنرز نے اپنے نام کیں، جس میں سے 8 وکٹیں نعمان علی اور 2 ساجد خان نے حاصل کیں۔
گزشتہ روز (میچ کے تیسرے دن) پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی نے شاندار بالنگ کی اور انگلینڈ کی بیٹنگ دوسری اننگ شروع ہوتے ہی کمزور ہو گئی اور 2 کھلاڑی بہت جلدی پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تھا۔