سوئی سدر ن کمپنی کے الیکٹرک کا رویہ اختیار نہ کرے، منعم ظفر خان

111
against K Electric

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہاہے کہ سوئی سدر ن گیس کمپنی،کے الیکٹرک کا رویہ اور طرز عمل اختیار نہ کرے، گیزر نہ ہونے کے باوجود گیزر کا بل کسی طرح بھی قبول نہیں،عوام کے حق کے لیے عدالت اور احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے،کراچی کے شہریوں کو بجلی، پانی، گیس اور ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات میسر نہیں،شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ   سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، شہریوں کو روزانہ شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے،پیپلزپارٹی 16سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے، کراچی کے اداروں پر اس کا قبضہ ہے، قابض میئر تلاش گمشدہ کا اشتہار بنے ہوئے ہیں، خود کام کرتے ہیں اور نہ کسی اور کو کام کرنے دیتے ہیں، جہانگیر روڈ اور دیگر سڑکوں کی استرکاری ان ہی لوگوں کے حوالے کی گئی جو پہلے بھی ناقص اور غیر معیاری تعمیر کے ذمہ دار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ   وزیر بلدیات کو انکروچمنٹ ہٹانے کا کام دے دیا گیاہے جس کاواضح مطلب ہے کہ ٹھیلے والے سے لے کر شادی ہال تک کے ریٹ بڑھادیے جائیں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹاؤنز کو اختیارات اور ترقیاتی فنڈ ز دیے جائیں تاکہ نچلی سطح پر عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں۔

انہوں نےمزید کہاکہ  سندھ حکومت اور وائس چانسلر جامعہ کراچی کے 45ہزار طلبہ و طالبات کے مسائل اور احتجاج کو سنجیدہ لیں،ان کے جائز مطالبات تسلیم اور مسائل حل کیے جائیں، جامعہ کراچی کو ملنے والی 1430ملین روپے کی گرانٹ میں اضافہ کیا جائے۔

منعم ظفر خان کا مزید کہنا تھا کہ  شہر میں بڑھتی ہوئی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور مسلح ڈکیتی کی گزشتہ 9ماہ میں 5583وارداتیں اور ان میں 100سے زائد شہریوں کی اموات سندھ حکومت، وزارت ِ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھے گی۔