کراچی چیمبر میں ریحان جاوید کاٹی کے نمائندے مقرر

68

کراچی ( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے کراچی چیمبر آف کامرس میں ریحان جاوید کو کاٹی کا نمائندہ مقرر ہونے پر تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریحان جاوید نیپرا، کے الیکٹرک، ایس ایس جی سی اور توانائی کے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ ریحان جاوید صنعتکاروں، تاجر برادری کو توانائی کے شعبے میں رہنمائی اور مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی چیمبر کے پلیٹ فارم سے ریحان جاوید بزنس کمیونٹی کی مزید بہتر انداز میں خدمت کر سکیں گے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ کراچی چیمبر کی قیادت میں بزنس کمیونٹی معیشت کی بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کی امید رکھتی ہے۔ اس موقع پر ریحان جاوید نے کراچی چیمبر میں کاٹی کا نمائندہ تجویز کرنے پر صدر جنید نقی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کاٹی کی قیادت کے بھرپور اعتماد پر پورا اترنے اور بزنس کمیونٹی کا کیس ہر فورم پر بھرپور انداز میں لڑنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کا استعمال کریں گے۔ ریحان جاوید نے کہا کہ کراچی کے تاجروں کو بجلی اور گیس کی اضافی قیمت کے باعث مسابقت اور مقابلہ کی فضاء میسر نہیں جس کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔