میر پور خاص، فری لوڈشیڈنگ اوقات میں بد ترین لوڈشیڈنگ جاری

75

میرپورخاص( نمائندہ جسارت)فری لوڈشیڈنگ زون میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بجلی کی طویل بندش سے کاروباری، تجارتی اور تعمیراتی سرگرمیاں ماند پڑنے لگی ہیں جبکہ اسپتالوں میں شیڈول آپریشن ملتوی کرنے پڑ رہے ہیں، واٹر سپلائی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے، شدید گرمی میں لوگوں کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق حیسکو کی جانب سے مرمتی کام کیلیے 9 اکتوبر سے 20 اکتوبر تک صبح 9 بجے سے دن بارہ بجے تک بجلی بند کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا لیکن روزانہ کی بنیاد پر صبح 9 بجے سے دن تین بجے تک 6 گھنٹے کا طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد شام 7 بجے دوبارہ بجلی کی سپلائی بند کر دی جاتی ہے جبکہ رات کے اوقات میں بھی بجلی کی سپلائی بند کر دی جاتی ہے بجلی کی طویل بندش سے ہونے والی کاروباری، تجارتی اور تعمیراتی سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں بجلی کی طویل بندش سے اسپتالوں میں شیڈول کے آپریشن ملتوی کرنے پڑ رہے ہیں جبکہ اسپتالوں میں داخل مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو دہری اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ صارفین نے وزیراعظم، وفاقی وزیر توانائی اور حیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ فری لوڈشیڈنگ زون میں بجلی کے سات گھنٹے طویل بریک ڈائون کی تحقیقات کروائیں اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کر کے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔