شہر قائد میں 2افراد قتل ، دیگر واقعات میں نومولود سمیت 7جاں بحق، 9زخمی

67

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میں خواتین اور نومولود سمیت 9افراد جاںبحق ہوگئے دیگر واقعات میں خاتون سمیت9افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق جیکسن تھانے کی حدود کیماڑی پونا اپارٹمنٹ کے قریب لڑائی جھگڑے میں چھریوں کے وار سے 50سالہ خان بادشاہ ولد نور محمد جابحق ہوگیا۔ کورنگی میںچھریوں کے وار سے 17 سالہ جویریا دختر نور اسلام شدید زخمی ہوگی بعد ازاں دوران علاج دم توڑ گئی ۔ سرجانی ٹاؤن صائمہ ولاز مکان نمبر R_ 249 دیوار گرنے سے 3 سالہ فہیم عباسی ولد وقار عباسی جاںبحق ہوگیا جبکہ 4 سالہ عمر عباسی ولد وقار عباسی شدید زخمی ہوا۔ ڈاکس کے علاقے کراچی شپ یارڈ شپ میں کرین سے گر کر 33 سالہ سجاد نامی نوجوان جابحق ہوگیا ۔ بحریہ ٹائون میں تیز رفتاری کے باعث د وگاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والی8سالہ الماس دختر نبی بخش دوران علاج دم توڑ گئی ۔ محمود آباد الناز بریانی کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے نوجوان جاںبحق ہوگیا۔ شاہراہ فیصل FTC پل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہگیر 60سالہ پرویز ولد برکت مسیح ہلاک ہوگیا۔ گلستان جوہر بلاک 18 سپریم کلاسک اپارٹمنٹ کے قریب کرنٹ لگنے یوسف مسیح ہلاک ہوگیا ۔ مبینہ ٹائون تھانے کی حدود گلشن اقبال ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فٹ پاتھ سے نومولود بچی کی لاش ملی ، متوفی بچی کی لاش کو تدفین کے لیے سرد خانے منتقل کردیا گیا۔ بلال کالونی تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 5M اکبری مسجد کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 42سالہ خاتون شیریں گل زوجہ حمید خان زخمی ہوگئی ۔ اورنگی ٹائون تھانے کی حدود اورنگی ٹائون قصبہ کالونی کٹی پہاڑی جمشید پمپ اللہ والی مسجد ایم پی آر کالونی کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2افراد 21سالہ سیف اللہ ولد جمعہ گل اور 22سالہ محمد سجاد ولد آفرین خان زخمی ہوگئے۔ بلدیہ ٹائون سیکٹر نمبر 07 قبرستان کے قریب فائرنگ سے 48سالہ نعیم حسین ولد زمان خان شدید زخمی ہوگیا ۔سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی گیٹ کے قریب جھگڑے میں فائرنگ سے 35سالہ غازی ولد جان محمد زخمی ہوگیا۔ کورنگی سنگر چورنگی شیل پمپ کے قریب فائرنگ سے حفیظ الرحمان نامی شخص شدید زخمی ہوا۔ کورنگی بلال کالونی گولی لگنے سے 30 سالہ قادر زخمی ہوا۔ لانڈھی بھینس کالونی موڑ کے قریب فائرنگ سے 60 سالہ عبدلرزاق ولد عبدالکریم نامی شخص زخمی ہوا۔