کارساز حملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی‘بلاول زرداری

80

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی 17ویں برسی کے موقع پر شہداکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اس المناک دن کو یاد کرتے ہوئے، جب 180 بہادر جیالوں نے جام شہادت نوش کیا، انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی خدمت میں جمہوریت، انصاف اور قربانی کے اصولوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارساز حملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس میں آمریت اور دہشت گردوں نے مل کر شہید بے نظیر بھٹو اورپارٹی کی مرکزی قیادت کو اْس وقت نشانہ بنایا، جب تیس لاکھ لوگ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ جو لوگ دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے جمہوریت کی آواز کو دبانا چاہتے تھے، وہ ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ کارساز ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے بہادر جیالوں نے جمہوریت کے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانی ہمارے اس طویل اور پرامن جمہوری پاکستان کے سفر کا اٹوٹ حصہ ہے، ایک ایسا سفر جس کی قیادت شہیدبے نظیر بھٹو نے کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم یہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت کی حفاظت کریں گے، انتہاپسندی کے خلاف ڈٹ جائیں گے۔