پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے سکوک بانڈز سے 10 کھرب روپے جمع کرلیے

49

 

کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قائم مقام سی ای او ندیم نقوی نے کہا ہے کہ (پی ایس ایکس) کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اس نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، کیپٹل مارکیٹ انفرا اسٹرکچر کے ذریعے حکومت پاکستان اجارہ سکوک (جی آئی ایس) کا اجرا 1.0 ٹریلین (10 کھرب) روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ یہ سنگ میل 16 ستمبر 2024ء کو 13ویں جی آئی ایس نیلامی کی کامیاب تکمیل کے بعد حاصل کیا گیا، جس سے وزارت خزانہ کیلیے اضافی 207 بلین روپے جمع کرنے میں مدد ملی۔ جی آئی ایس نیلامی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 8 دسمبر 2023ء کو شروع ہوئی اور اس کے بعد سے بینکوں، میوچل فنڈز اور بروکرز کی بھرپور شرکت دیکھی گئی۔ ہر نیلامی نے شریعت کے مطابق سرکاری سیکورٹیز کی مارکیٹ کو بڑھانے میں مدد کی ہے۔