بیداری مارچ کا آغاز آج کراچی سے ہوگا

36

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ارسا ایکٹ میں غیر آئینی ترامیم اور دریائے سندھ پر 6 نئے کینال بنانے کی منظوری کے خلاف آج 18 اکتوبر کو کراچی سے بیداری مارچ کا آغاز ہوگا، بیداری مارچ کے شرکاء ٹھٹھہ، سجاول سے ہوتے ہوئے 19 اکتوبر کو بدین پہنچیں گے، جہاں جلسہ عام منعقد ہوگا، کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع کے پانی، وسائل اور حقوق پر کرپٹ حکمرانوں کو ڈاکا مارنے نہیں دینگے۔ ان خیالات کا اظہارجی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات و فنکشنل لیگ سندھ کے سیکرٹری جنرل سرداررحیم نے رہنماؤں و کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بدعنوان حکمراں جعلی اسمبلیوں میں بیٹھ کر عوام کے حقوق کا سودا کررہے ہیں جو عوام یکسر مسترد کرتے ہیں، ملک میں افراتفری اور غیر یقینی صورتحال پر عوام الناس کو سخت تشویش ہے سندھ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے چوریاں، ڈکیتیاں، اغوا برائے تاوان، دھماکے، لوٹ کھسوٹ عروج پر ہیں، عوام بدحال ہیں ،ہر جانب معاشی ابتری ہے ،لٹیرے حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی ، غریب عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں۔