قاضی احمد: کراچی میں رواداری مارچ پر تشدد کیخلاف ریلی

26

قاضی احمد (نمائندہ جسارت) کراچی میں رواداری مارچ میں ادیبوں، دانشوروں، بچیوں سمیت سیاسی و سماجی کارکنوں اور صحافیوں پر بلاجواز تشدد کرنے، مذہبی انتہا پسندی اور ڈاکٹر شاہنواز کنبر کے قتل کے خلاف شاگرد اتحاد رہنماؤں اسد علی راھو، یار محمد کھوسہ، فیروز بروہی، فیروز چانڈیو اور ساجد ماجوٹھوکی قیادت میں ڈگری کالج سے ریلی نکالی گئی جو قومی شاہراہ سے ہوتی ہوئی پریس کلب چوک پہنچی۔ اس موقع پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں سندھیوں پر پولیس کا بلاجواز تشدد اور بچیوں کی تذلیل کرکے حکمرانوں نے اپنی ہٹ دھرمی قائم کرکے آمریت کی یاد تازہ کردی، سندھ کی عوام ایساعمل برداشت اور سندھ میں مذہبی انتہا پسندی قبول نہیں کرے گی، کراچی میں سندھ دوست رہنماؤں کارکنوں اور بچیوں پر انسان سوز تشدد پر حکمرانوں کے خلاف پورے سندھ میں نفرت پیدا ہوچکی ہے اور حد تویہ ہے کہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں جو شرم کی بات ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی اور رہنماؤں پر بلاجواز داخل کیے گئے مقدمات خارج کیے جائیں، دوسری صورت میں احتجاج کا دائرہ بڑھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔