نواز شریف کی میزبانی میں بڑی بیٹھک، آئینی ترمیم کیلیےنمبر گیم پورے ہونےکا دعویٰ

166
approval of the constitutional amendment

لاہور: آئینی ترمیم کے حوالے سے بڑی بیٹھک میں نمبر گیم پورے ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

آئینی ترامیم پر سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری، پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علما اسلام کی جانب سے ترمیم کی منظوری کے حوالے سے نمبر گیم پورے ہونے کا دعویٰ کیا گیاہے۔

تفصیلات کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے حوالے سے جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی میزبانی میں سیاسی جماعتوں کے قائدین کی اہم بیٹھک ہوئی، جس میں مولانا فضل الرحمان، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر زرداری شریک ہوئے۔

مولانا فضل الرحمان جے یو آئی، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ان کی ملاقات ہوئی، پھر مولانا فضل الرحمان سے ن لیگ کے وفد کی ایک گھنٹے سے زائد مشاورت ہوئی۔

بعد ازاں نواز شریف اورمولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں جماعتوں کی سینئر قیادت بھی شریک ہوئی۔ ملاقات میں مجوزہ 26 ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی سربراہ نے نواز شریف اور شہباز شریف کے سامنے اپنے تحفظات اور ناراضی کا اظہار کیا جس پر دونوں رہنماؤں نے انہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے ہونے والی مشاورت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ 26 ویں آئینی ترمیم کی پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے منظوری کی حکمت عملی طے کی گئی۔

اس موقع پر اراکین پارلیمان کی حاضری یقینی بنانے کے لئے تمام ہم خیال جماعتوں کے رہنماؤں کو ذمہ داریاں دی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ تینوں جماعتوں کا مشترکہ مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے، جس کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم کے مشترکہ مسودے کو 18 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔