افغان ٹی وی چینلز نے ریڈیو نشریات شروع کردیں

142

افغانستان میں طالبان حکومت کی طرف سے میڈیا پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹی وی چینلز نے خود کو ریڈیو چینل میں تبدیل کرلیا۔ اخلاقی امور کی وزارت نے حکم دیا ہے کہ ٹی وی چینل کسی بھی جاندار چیز کی تصویر یا ویڈیو نہ چلائیں۔

افغانستان کے ٹی وی چینلز نے احتجاج کے طور پر آڈیو پروگرام چلانا شروع کردیا ہے۔ بدھ کو افغانستان کے 23 ٹی وی چنلز نے کسی بھی تصویر یا ویڈیو کے بغیر محض صوتی نشریات چلائیں۔

تخار صوبے کے ایک صحافی نے بتایا کہ ماہِ نو نامی مقامی ٹی وی چینل نے اپنے لوگوں کے ساتھ صرف صورتی نشریات پیش کیں۔ ایک سرکاری ٹی وی نے بھی ایسا ہی کیا۔ لوگوں نے ٹی وی سیٹ آن کیے تو چینلز کے لوگو کے ساتھ نشریات صرف سنائی دے رہی تھیں۔

تخار میں مقامی ٹی وی چینلز سے کہا گیا ہے کہ وہ صرف ریڈیو رپورٹس تیار کریں۔ بصری مواد استعمال کرنے پر سخت اور غیر لچک دار پابندی عائد ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اخلاقی امور کی وزارت کا کہنا ہے کہ کسی بھی جاندار کی تصویر لینا، ویڈیو بنانا اور نشر کرنا غیر شرعی فعل ہے۔ متعلقہ نئے قانون کے آرٹیکل 17 کے تحت میڈیا کو پابند کیا گیا ہے کہ تصویر اور ویڈیو نہ چلائیں۔