جمائما کے ٹوئٹ پر خواجہ آصف کا جواب، عمران خان کا اپوزیشن سے سلوک یاد دلا دیا

111

اسلام آباد:جمائما کے ٹوئٹ پر خواجہ آصف نے جوابی پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں عمران خان کا اپنے دور میں اپوزیشن کے ساتھ سلوک یاد دلا دیا۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے بانی پی ٹی آئی  کی صحت اور جیل میں سلوک کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جاری معاملات سنگین اور تشویش کا سبب ہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے  عمران خان کے اہل خانہ اور وکیلوں کو بھی ان سے ملاقات سے روکا ہوا ہے اور تمام عدالتی سماعتوں کو بھی ملتوی کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں عمران خان کے ساتھ جیل میں نرمی برتی جا رہی ہے، اس کے باوجود کہ انہوں نے اپنے مخالفین کے ساتھ کبھی نرمی کا اظہار نہیں کیا۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ان کی اہلیہ سے زندگی کے آخری ایام میں فون پر بات کرنے سے بھی محروم رکھا گیا اور اسی طرح اپوزیشن کے کئی رہنماؤں کو بھی بغیر کسی الزام کے قید و بند کی صعوبتوں میں ڈالا گیا۔