وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات

121

اسلام آباد:بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستان میں موجوگی کے دوران پاکستانی ہم منصب سے ملاقات ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دیے گئے ظہرانے کے موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے بھارتی ہم منصب جے شنکر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں آنے والے سربراہان مملکت اور وفود کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں اسحاق ڈار اور جے شنکر ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے دکھائی دیے۔ دریں اثنا دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو بھی کی۔

ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارتی درخواست پر دونوں وزرائے خارجہ کو اکٹھے بٹھایا گیا اور وزارت خارجہ نے دونوں وزرائے خارجہ کواکٹھا بٹھانے کے لیے سٹنگ ارینجمنٹ تبدیل کیا۔

بعد ازاں بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد واپس بھارت روانہ ہوگئے۔انہوں نے مہمان نوازی پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔