بصارت سے محروم افراد کی تعلیم و تربیت پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے، امین میمن

59

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ادارہ خصوصی تعلیم و بحالی برائے اسپیشل چلڈرن جی او آر کالونی کی جانب سے انٹرنیشنل وائٹ کین سیفٹی ڈے کے موقع پر سرکٹ ہاؤس سے جی او آر پیٹرول پمپ تک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن و بحالی سینٹر امین میمن، پرنسپل نجمہ قادر چنڈ، سلمہ عادل، سمینہ سومرو، محمد ناصر سولنگی، احسان تالپور کے علاوہ بصارت سے محروم بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن و بحالی امین میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٓاج پوری دنیا میں بصارت سے محروم افراد سے اظہار یکجہتی اور سفید چھڑی کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کا دن منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ بصارت سے محروم افراد کی تعلیم و تربیت پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے تاکہ یہ لوگ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس وقت DEPD کا بریل پریس کراچی میں کام کر رہا ہے جو بصارت سے محروم بچوں کے لیے تدریسی کتابیں بھی شائع کی گئی ہیں، اب تک 500 کتابیں DEPD کے مختلف اداروں میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔ اس موقع پر نجمہ قادر چنڈ، سلمہ عادل، سمینہ سومرو، محمد ناصر سولنگی و دیگر نے کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن و بحالی سینٹر میں بصارت سے محروم بچوں کو ایجوکیشن، فنی تعلیم، کورس، اسکول یونیفارم، لنچ اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہے۔