کوٹری:ویٹرنری ڈاکٹر سے موبائل اور پیسے لوٹ لیے گئے

72

کوٹری (نمائندہ جسارت) ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر ذوالفقارعلی سیال نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک جامشورو کے ویٹرنری ڈاکٹر غلام تقی جوکیو سے علی الصبح ڈاکو ہتھیار کے زور پر موبائل اور پیسے لوٹ کر بآسانی فرار ہوگئے، ناخوشگوار واقعہ جی اے شاہ قبرستان جتوئی فلور مل واپڈا کالونی جامشورو کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ویٹرنری ڈاکٹرز و پیراوائٹ اسٹاف کی جان و مال کی حفاظت ترجیحات میں شامل ہے، ایسے ناخوشگوار واقعات رونما ہونے سے ہماری سروسز متاثر ہوسکتی ہیں جس کی وجہ سے مویشی مالکان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی سیال نے بتایا کہ ضلع کے تمام ویٹرنری سینٹروں پر ہمارے تمام ویٹرنری ڈاکٹرز اور پیراوائٹ اسٹاف اپنے اپنے ملحقہ علاقوں میں جاکر مویشی مالکان کے جانوروں کو دوائیاں، ویکسین کے ساتھ ساتھ کیڑے مار اسپرے کرتے ہیں تاکہ ان کے چھوٹے یا بڑے جانور کسی بھی مہلک بیمار میں مبتلا نہ ہوں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک جامشورو نے حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ایسے نامناسب واقعات کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات عمل میں لاکر ملزمان کو فوری گرفتارکرکے قرار واقعی سزا دے۔