کنری: ڈاکٹر شاہنواز کی قبر کشائی، لاش کا پوسٹ مارٹم

80

کنری (جسارت نیوز) 25 روز قبل سندھڑی کے قریب پولیس مقابلے میں مارے جانے والی عمرکوٹ کے ڈاکٹر کی مجسٹریٹ کی موجودگی میں قبر کشائی کرکے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، میڈیکل ٹیم جسمانی اجزاء لے کر روانہ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق تقریباً 25 روز قبل سندھڑی کے قریب پولیس مقابلے میں مارے جانے والے عمرکوٹ کے ڈاکٹر اور عمرکوٹ کے قریبی گاؤں جانھرو کے رہائشی ڈاکٹر شاہنواز کمبھار کے قتل کے محرکات جاننے کے لیے سیشن جج عمرکوٹ کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ عامر راجپوت کی زیر نگرانی قبر کشائی کرکے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل سائنس سے آنے والی میڈیکل بورڈ پر مشتمل 5 رکنی ٹیم ڈاکٹر وسیم قریشی، ڈاکٹر طاہر، ڈاکٹر واحد، ڈاکٹر راحیل نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے اجزاء حاصل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پولیس سرجن ڈاکٹر وسیم قریشی نے بتایا کہ ڈاکٹر شاہنواز کی لاش کے 13 سیمپل لیے ہیں جو ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے جس کی رپورٹ تقریباً ایک ماہ میں آئے گی، قبر کشائی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ایس ایس پی عمرکوٹ عذیر احمد میمن نے کہا کہ ہمارا کام سیکورٹی فراہم کرنا تھی جو فراہم کی گئی، قبر کشائی کے موقع پر میڈیا کو قبر کے قریب نہیں جانے دیا گیا۔