اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان اور چین نے مشترکہ بیان جاری کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین نے مشترکہ بیان جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ چینی وزیراعظم نے پاکستانی ہم منصب، صدر،چیئرمین سینٹ،اسپیکر قومی اسمبلی و سروسز چیفس سے ملاقاتیں کیں، جس میں فریقین نے پاک چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے،عملی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی مفادات کے امور پر وسیع اتفاق رائے کیا۔دونوں ممالک نے پاک چین دوستی اور تعاون کومزید مضبوط بنانے پر زور دیا جبکہ پاکستان نے کہا کہ صدرشی جن پنگ کے ویڑن اور تجاویز کی بھرپور تعریف اور مضبوطی سے حمایت کرتا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امن، سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے روشن مستقبل کے لیے دنیا بھر کے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، پاک چین تعاون میں خلل ڈالنے یا کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکامی سے دوچار ہوگی۔چین نے اعادہ کیا کہ چین پاکستان تعلقات اس کے خارجہ امور میں اولین ترجیح ہے، دونوں فریق مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرتے رہیں گے۔ دونوں ممالک نے حکومتوں، قانون سازاداروں اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلوں اور تعاون کومستحکم کرنے پر اتفاق بھی کیا۔