اسٹیٹ بینک وومن انٹریپرینورشپ ڈے منائے گا

100

کراچی (بزنس رپورٹر)بینک دولت پاکستان 19 نومبر 2024ء کو وومن انٹریپرینور شپ ڈے منائے گا۔ اس ضمن میں تقریب کا افتتاح گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کریں گے۔اس تقریب میں بینکوں اور نان بینک اداروں کے اعلیٰ حکام اور ورکنگ وومن ایسوسی ایشنوں کے نمائندے معیشت میں خاتون انٹرپرینورز کے اہم کردار کا اعتراف کرنے کے لیے جمع ہوں گے۔دیگر سرگرمیوں کے علاوہ اس تقریب میں ان بینکوں کو خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ ز بھی دیے جائیں گے جنہوں نے خاتون قرض گیروں کو قرضے جاری کرنے میں مسلسل اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ، خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کو بھی مختلف زمروں میں ایوارڈز دیے جائیں گے جن کے ذریعے انٹریپرینورشپ کے منظرنامے میں ان کی قابل ذکر کامیابیوں کو سراہا جائے گا۔اس ضمن میں پورے پاکستان میں آن گراؤنڈ اور ورچوئل دونوں قسم کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جبکہ کمرشل بینک خاتین کی سرپرستی میں چلنے والے کاروباری اداروں سے ہم آہنگ مصنوعات کی پیشکش کریں گے۔ ان سرگرمیوں میں ورکشاپس، اسٹیٹ بینک کے ایس ایم ای قرضوں کے متعلق آگاہی مہمات اور مینٹورشپ کے پروگرام شامل ہوں گے، جنہیں ممکنہ کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی قرض لینے کی اہلیت بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔