اسلام آباد:صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک اور گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے استفادہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔
چینی وزیراعظم کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ گہرے اور مضبوط روابط کے ساتھ ساتھ برادرانہ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنی چاہییں ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور عوامی رابطے مضبوط تر کرنے کے لیے چینی کاروباری اداروں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے ذریعے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ سی پیک اور گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے بھرپور استفادہ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں نومبر میں چین کا دورہ کروں گا۔
صدر زرداری نے کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں 2چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دل خراش واقعہ پوری قوم کے لیے تکلیف کا باعث بنا۔پاک چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مجرموں کو مثالی سزا دینے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔