اسلام آباد:چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون عالمی چیلنجز سے قطع نظر مزید گہرا ہوتا رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے چینی وزیراعظم کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور ترقی و خوش حالی کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر فریقین نے معاشی تعاون، سرمایہ کاری، علاقائی روابط سمیت تمام شعبوں میں پہلے سے جاری تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ملکوں کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا۔ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کے فروغ میں صدر آصف زرداری کی خدمات قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے عالمی چیلنجوں سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی ہے۔ پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
لی چیانگ نے کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا۔ امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔