بلال کاکا کیس میں روپوش ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف احتجاج

68

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) 2022ء میں فائرنگ سے قتل ہونے والے بلال کاکا کیس میں روپوش ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف مقتول کے ورثاء اور سول سوسائٹی کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر مقتول کی ماں صاحبہ کاکا، بھائی سلام کاکا، ماموں نوید کاکا و دیگر نے بتایا کہ 12 جولائی 2022کو وادھواہ قاسم آباد میں واقع سپر سلاطین ہوٹل کے ذمہ داران بختیار پٹھان، شاہ سوار پٹھان، ملیار پٹھان، ذبح اللہ پٹھان نے بلال کاکا کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کیا لیکن کیس کے مرکزی ملزم بختیار پٹھان اور اس کے 4 ساتھی تاحال روپوش ہیں جنہیں پولیس 2 سال سے گزرنے کے باوجود گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان کیس سے ہاتھ نہ اُٹھانے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس کے باعث مقتول کے لواحقین عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی بلال کاکا قتل کیس کے تمام ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔