میرپورخاص: شادی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنا فیشن بن گیا

63

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) شادی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنا فیشن بن گیا، گزشتہ رات مہران اور غریب آباد تھانے کی حدود احسن ٹاؤن اور اقبال نگر ٹورآباد میں رنگ و سرور کی محفل اور جدید ہتھیاروں سے لیس مسلح ملزمان کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ کی وڈیو وائرل ہوگئی، پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی جاسکی۔ تفصیلات کے مطابق میران تھانے کی حد احسن ٹاؤن میں ذرائع کے مطابق احمد علی مغل کی جانب سے بڑے لاؤڈ اسپیکر لگا کر رنگ و سرور کی محفل میں آتشی اسلحے سے شدید فائرنگ کی وڈیو وائرل ہوگئی، وڈیو میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ بڑی تعداد میں افراد تقریب میں موجود کھلے عام جدید اسلحے سے فائرنگ کر رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق شدید فائرنگ اور بڑے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مقامی مہران تھانے میں شکایات کرتے رہے لیکن کوئی کارروائی عمل میں نہ آسکی، وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلحے سے لیس افراد خواتین ڈانسر کی موجودگی میں بلا خوف و خطر کئی گھنٹے فائرنگ کرتے رہے، جبکہ وڈیو میں مسلح افراد کے چہرے واضح نظر آرہے ہیں، اسی طرح ٹورآباد اقبال نگر میں بھی شادی کی تقریب میں رات بھر کی جانے والی فائرنگ کی اطلاع پولیس کو دی گئی لیکن پولیس نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جس کی وجہ سے علاقے کے رہاشی پریشان رہے۔ علاقہ مکینوں نے ایس ایس پی شبیر سیھٹار سے ایسے عناصر کے خلاف بھر پور کارروائی کی اپیل کی ہے۔