برج ویو پلازہ کے قریب غیر قانونی وین اڈا بند کرنے کا مطالبہ

24

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) برج ویو پلازہ لطیف آباد نمبر 2 کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے علاقے میں اجازت نامہ منسوخ ہونے کے باوجود چلنے والے غیر قانونی وین اڈے کو فوری بند کروا کر پلازہ کے مکینوں کو پریشانی سے نجات دلوائی جائے۔ برج ویو پلازہ لطیف آباد کے مکینوں رحمت علی اور دیگر نے اپنے بیان میں بتایا کہ ہمارے برج ویو پلازہ کے ساتھ ڈولمین ہال والی گلی میں غیر قانونی طور پر وین اڈا قائم کیا گیا ہے جس کی وجہ سے پلازہ کے مکینوں اور خاص طور پر خواتین اور طلبہ و طالبات کو بہت تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلازہ کی رہائشی خواتین کے آنے جانے والے رکشوں کو زبردستی روک کر ان کا وقت برباد کیا جاتا ہے جبکہ اس حوالے سے کئی درخواستیں بھی دے چکے ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوتی، بلکہ ٹریفک پولیس آفیسر درخواست واپس لینے کے لیے ہم پر دبائو ڈالتا ہے، وین اڈے کا مالک گھنا خان ہمارے خلاف اندرون سندھ کے تھانوں میں جھوٹے کیس درج کرانے کی دھمکیاں دیتا ہے۔ مکینوں نے بتایا کہ ہماری ایک درخواست پر سابق ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے مذکورہ غیر قانونی وین اڈے کا اجازت نامہ بھی منسوخ کر دیا لیکن اس کے باوجود ٹریفک پولیس سیکشن لطیف آباداور حسین آباد تھانہ کے اہلکار غیر قانونی اڈے کی سرپرستی کر رہے ہیں۔