ناموس رسالت ؐکے پروانوں پر ظلم کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، تحریک لبیک

57

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تحریک لبیک پاکستان کے رُکن مرکزی شوریٰ و صوبائی ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ تحفظِ ناموس رسالت ﷺ مارچ کے شرکاء پر سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بہیمانہ ریاستی تشدد کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 اکتوبر کو ناموس رسالت ﷺ کے پروانوں کے ساتھ کراچی میں جو کچھ ظلم اور بربریت کا مظاہرہ ہوا، اُس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے اور سندھ حکومت کو شہید ناموس رسالت محمد ماجد رضوی اور دیگر زخمی کارکنان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والی مملکت خداداد پاکستان میں آخر کب تک محمد عربی کے غلاموں کا خون بہایا جاتا رہے گا؟ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر کراچی میں تحریک لبیک پاکستان کے کارکن نے جام شہادت نوش فرما کر اور نبی پاک محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے دیوانوں نے سینوں پر گولیاں کھا کر ثابت کر دیا کہ ہم نے یہ گردنیں ناموس رسالت ﷺ پر قربان کرنے کے لیے رکھی ہیں، سندھ بزرگان دین کی سرزمین ہے اور اس پر کسی بھی گستاخ یا اُن کے حامیوں کو ان کی ناپاک سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔