آئینی ترامیم پر کافی حد تک ہم آہنگی ہوچکی ہے،فضل الرحمن

60

ٹنڈو الہ یار (صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ گفتگو اور مذاکرات کے نتیجے میں آئینی ترامیم پر کافی حد تک ہم آہنگی پیدا ہو چکی ہے۔ ٹنڈوالہ یار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا کام ہی آئین اور قانون میں ترمیم کرنا ہے لیکن آئینی ترمیم آتی ہے تو اس پر اختلاف بھی ہوتا ہے‘ ملکی حالات اور ضرورت کے تحت قانون سازی ہونی چاہیے، ہم نے ملک اور عوام کے مفاد میں سب کچھ کرنا ہے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے حکومت کے مسودے پر اعتراض کیا تھا کیونکہ حکومت کے مسودے سے عدلیہ اور عوام کے حقوق تباہ ہو جاتے، جو چیزیں ہم نے مسترد کیں وہ واپس لے لی گئیں اور امید ہے ہمارے مطالبات قبول کر لیے جائیں گے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم میں بھی ہمیں 9 ماہ لگ گئے تھے‘ جب 18ویں ترمیم میں اتنا وقت لگ گیا تھا تو26 ویں ترمیم میں ہمیں اتنے دن تو ملنے چاہئیں کہ اچھی طرح سے نکات دیکھ لیے جائیں‘ پی ٹی آئی سے درخواست کی تھی ہر قسم کے احتجاج کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس تک مؤخر کر دیا جائے اور پہلے بھی احتجاج ہوئے لیکن نتیجہ کوئی نہیں نکلا، امید ہے ہماری درخواست کو اہمیت دیں گے۔