کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار

46

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں بادلوں کا راج ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ دوسری جانب، وسطی بحیرہ عرب کے اوپر موجود ہوا کا کم دبائو ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا، جو کراچی سے1020 کلومیٹر، اور ماڑہ سے1010 کلو میٹر اور گوادر سے1030 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن مسیرہ سے770 کلو میٹر جنوب مغرب میں عمان کے ساحل کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں بحیرہ عرب میں بننے والاکم دبائو ٹراپیکل ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دبائو عمان کی جانب رخ کررہا ہے، لو پریشر ایریا پچھلے12 گھنٹے میں ڈپریشن میں تبدیل ہو کر مغرب شمال مغرب کی طرف بڑھ گیا ہے تاہم ملک کی کسی بھی ساحلی پٹی کو خطرہ نہیں ہے اور2 روز تک لو پریشر ایریا کے ارد گرد30 سے40 یا50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے، کراچی میں اگلے3 روز میں موسم گرم وخشک رہنے کا امکان ہے۔